مزید خبریں

ادارہ ترقیات سہون کے ڈائریکٹر جنرل مراعات لوٹنے میں مصروف

کوٹری(جسارت نیوز)ادارہ ترقیات سہون کے ڈائریکٹر جنرل نے مدت ملازمت میں اضافہ کے لیے تاریخ پیدائش میں ردوبدل کرلیا۔تین سال سے سرکاری مراعات لوٹنے میں مصروف ۔ 2018 میں ادارہ ترقیات حیدرآباد کے سیکرٹری نے مدت ملازمت پوری ہونے پر لیٹر جاری کیا تھا۔ڈی جی نے مدت ملازمت کو بڑھانے کے لیے تعلیمی اسناد اور شناختی کارڈ میں تاریخ پیدائش تبدیل کرائی۔ اینٹی کرپشن سندھ نے بھی شناختی کارڈ اور تعلیمی سرٹیفکیٹ میں تاریخ پیدائش کی ردوبدل اور فنڈز میں خرد برد سے متعلق تحقیقات شروع کی تھی۔ڈی جی نے معاملہ کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیدیا۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات سہون غلام محمد قائم خانی مدت ملازمت میں مبینہ ردوبدل کرکے گزشتہ 3 سال سے سرکاری مراعات کے مزے لوٹنے میں مصروف دکھائی دیتے ہیں۔ ادارہ ترقیات حیدرآباد کے سیکرٹری کا جاری کردہ لیٹر میں انکشاف ہوا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل ادرہ ترقیات سہون کی مدت ملازمت 2019 میں پوری ہوچکی تھی جس پر ادارہ ترقیات حیدرآباد کے سیکرٹری نے لیٹر جاری کرتے ہوئے انہیں تجویز دی تھی کہ وہ پینشن و دیگر کاغذات کی تیاری کے لیے متعلقہ شعبہ سے رجوع کریں۔لیٹرمیں غلام محمد کی مدت ملازمت 13/08/2019کو 60سال پورے ہونے پر واضح کردیا تھا۔ذرائع کے مطابق ڈی جی ادارہ ترقیات سہون غلام محمد نے مدت ملازمت میں اضافہ کے لیے اپنی تعلیمی اسناد اور شناختی کارڈ میں اپنی تاریخ پیدائش میں ردوبدل کرایا ہے جس وجہ سے وہ گزشتہ 3 سال سے سرکاری مراعات اور اہم عہدہ کے مزے لوٹنے میں مصروف ہیں۔ دوسری جانب اینٹی کرپشن سندھ کے ڈائریکٹر نے بھی غلام محمد کیخلاف تعلیمی اسناد اور شناختی کارڈ میں تاریخ پیدائش میں تبدیلی اور فنڈز میں خرد برد کرنے پر تحقیقات کا آغاز کیا تھا لیکن وہ تحقیقات بھی دبادی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے موصوف نے ملازمت پرانے شناختی کارڈ پر حاصل کی تھی جبکہ مدت ملازمت کو بڑھانے کے لیے تعلیمی اسناد اور شناختی کارڈ میں تاریخ پیدائش تبدیل کراکر مدت ملازمت میں اضافہ کرلیا ہے جبکہ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسی صورتحال میں جس شناختی کارڈ پر نوکری حاصل کی جاتی ہے اسی پر مدت ملازمت کی معیاد پوری ہوتی ہے لیکن بلدیاتی افسران کی ملی بھگت سے ڈی جی نے اپنی مدت ملازمت میں اضافہ کرلیا ہے۔اس سلسلے میں ڈی جی غلام محمد کا کہنا ہے کہ مدت ملازمت پوری ہونے میں کچھ عرصہ باقی ہے ادارہ ترقیات حیدرآباد اور اینٹی کرپشن کا لیٹر بوگس ہے جس پر متعدد لیٹر بھی نکل چکے ہیں۔