مزید خبریں

نیشنل بینک عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل واپس لے گا‘وزیر اعظم

اسلام آباد(آئی این پی) وزیراعظم شہباز شریف نے جے یو آئی (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو یقین دہانی کروائی ہے کہ نیشنل بینک عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل واپس لے گا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے ٹاسک فورس کو حکم دیا کہ نیشنل بینک کی اپیل واپس لینے کے حوالے سے فوری اقدامات کئے جائیں۔بدھ کو جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ،ملاقات میں سود کے متعلق عدالتی فیصلے کے خلاف نیشنل بینک کی اپیل کے حوالے سے وزیر اعظم شہباز شریف کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ترجمان جے یو آئی کے مطابق وزیر اعظم نے مولانا فضل الرحمن کو یقین دہانی کروائی کہ نیشنل بینک عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل واپس لے گا،وزیر اعظم شہباز شریف نے ٹاسک فورس کو حکم دیا کہ نیشنل بینک کی اپیل واپس لینے کے حوالے سے فوری اقدامات کئے جائیں۔ترجمان جے یو آئی کے مطابق جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عدالتی فیصلوں کے خلاف بینکوں کی اپیل سے امت مسلمہ کے دل رنجیدہ ہوئے ہیں،امت مسلمہ سود کو ملک میں معاشی نظام کے تباہی کا سبب سمجھتی ہے۔