مزید خبریں

شعبہ صحت میں جاری منصوبوں کو جلد ازجلد مکمل کیا جائے ،حمزہ شہباز

لاہور (آن لائن) وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف صوبے کے عوام کو صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلیے سرگرم ہیں،انہوں نے تمام ہسپتالوں کی او پی ڈیز میں صحت کی سہولتوں کو ہنگامی بنیادوں پر بہتر بنانے کا فیصلہ کر لیا۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں صوبے کے عوام کو صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ہسپتالوں کی او پی ڈیز کو کم سے کم وقت میں بہتر بنایا جائے، او پی ڈیز میں مریضوں کو ہر ممکن سہولتیں ملنی چاہییں، اس پروگرام پر پیش رفت کا خود جائزہ لوں گا، شعبہ صحت میں جاری منصوبوں کو جتنی جلدی ممکن ہو مکمل کیا جائے، ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی کمی کو دور کرنے کا روڈمیپ تیار کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ میں نے ہسپتالوں کے دوریکیے ہیں صفائی کے انتظامات غیر تسلی بخش تھے، ہسپتالوں میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے، محکمہ صحت اس ضمن میں جامع پلان مرتب کرکے عمل درآمد یقینی بنانے، علاج معالجے کی بہترین سہولتیں عام آدمی کا حق ہے جو اسے ہر صورت ملنا چاہیے۔