مزید خبریں

شان مسعود نے کائونٹی سیزن میں ہزار رنزمکمل کرلیے

لندن (جسارت نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹاپ آرڈر بیٹر شان مسعود نے کائونٹی چیمپئن شپ کے سیزن میں ایک ہزار رنز مکمل کرلیے، وہ اس سال یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے پلیئر ہیں جبکہ انہوں نے اس سال پروفیشنل کرکٹ میں2 ہزار رنز بھی مکمل کرلیے ہیں۔کائونٹی چیمپئن شپ میں شان مسعود ڈربی شائر کی نمائندگی کررہے ہیں، سسکس کیخلاف میچ کی پہلی اننگز میں انہوں نے 46رنز کی اننگز کھیلی اور اس چیمپئن شپ سیزن میں ایک ہزار رنز مکمل کرلیے۔انہوں نے کائونٹی چیمپئن شپ کی 12 اننگز میں1037رنز بنائے ہیں۔ جس میں3 سنچریاں اور 4 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں ۔اس کے ساتھ شان مسعود نے اس سال پروفیشنل کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں مجموعی طور پر 2ہزار رنز مکمل کرلیے، شان مسعود نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 1037جبکہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 994رنز بنائے۔ اس سال انہوں نے لسٹ اے کا کوئی میچ نہیں کھیلا۔یوں اس سال مجموعی طور پر 37پروفیشنل اننگز کھیل کر ، جس میں 12فرسٹ کلاس اور 25ٹی ٹوئنٹی اننگز شامل ہیں، شان مسعود نے مجموعی طور پر 2031رنز بنائے ہیں۔