مزید خبریں

قومی ٹیم ورلڈ کپ سے پہلے نیوزی لینڈ میں سہ فریقی سیریز کھیلے گی

کراچی(اسٹا ف رپورٹر)آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ میں کھیلی جانے والی سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت کرے گی۔ ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ میں 7 سے 14 اکتوبر تک کھیلی جانے والی سہ فریقی سیریز میں پاکستان سمیت میزبان نیوزی لینڈ اور بنگلا دیش کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر موجود پاکستان سہ فریقی سیریز میں اپنا پہلا میچ 7 اکتوبر کو بنگلا دیش کے خلاف کھیلے گا۔ سہ فریقی سیریز میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں8 اکتوبر کو پہلی مرتبہ مدمقابل آئیں گی۔سیریز کا فائنل 14 اکتوبر کو کھیلا جائے گا، جس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم 11 اکتوبر کو دوبارہ نیوزی لینڈ اور 13 اکتوبر کو بنگلا دیش کے خلاف میدان میں اترے گی۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ وہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل نیوزی لینڈ میں شیڈول سہ فریقی ٹی ٹونٹی سیریز میں شرکت کرنے پر بہت مسرور ہیں کیونکہ یہ سیریز آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے میگا ایونٹ کے لیے پاکستان کی تیاریوں کو حتمی شکل دے گی۔بابر اعظم نے کہا کہ وہ ہاتھ کے انگوٹھے کی انجری کے باعث قومی کرکٹ ٹیم کے آخری دورہ نیوزی لینڈ میں کوئی بھی میچ نہیں کھیل سکے تھے، لہذا وہ دو مضبوط ٹیموں کے خلاف ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ میں سیریز کھیلنے کے منتظر ہیں۔ سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز مکمل کرنے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا روانہ ہوجائے گی، جہاں کھیلے جانے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا پہلا میچ 23 اکتوبر کو میلبرن میں بھارت کے خلاف کھیلے گا۔