مزید خبریں

کپتان کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا، عبداللہ شفیق

راولپنڈی (جسارت نیوز):قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر بیٹر عبداللہ شفیق نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں عمدہ کارکردگی کی بدولت ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کریں گے، آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز میں بہت کچھ سیکھنے کو ملا، محمد یوسف، بابر اعظم اور رکی پونٹنگ پسندیدہ کھلاڑی ہیں، آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 2 میچوں کی تیاریوں کے سلسلے میں قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری ہے، گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عبداللہ شفیق نے کہا کہ وہ اپنی فارم اور فٹنس پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں، کھیل کے تینوں شعبوں پر فوکس ہے اور وہ سخت محنت کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ ماضی میں بھی سری لنکن گرائونڈز پر کھیل چکے ہیں، سری لنکا کا موسم اور پچز پاکستان سے ملتی جلتی ہیں اس لئے زیادہ مشکل پیش نہیں آئے گی، انہوں نے کہا کہ سری لنکن پچز پر بال سپن ہوتا ہے، اس پر بھی محنت جاری ہے، انہوں نے کہا کہ بابر اعظم ورلڈ کلاس پلیئر ہیں اور ان سے بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے، کپتان کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا، انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم میں جو بہتر پرفارم کرتا ہے اس کو ہی کپتان کھلاتا ہے۔