مزید خبریں

فیصل آباد میں ہائی کورٹ کے بنچ کا قیام ناگزیر ہے، صدر چیمبر

فیصل آباد (کامرس ڈیسک) فیصل آباد ڈویڑن کی سوا کروڑ سے زائد آباد ی کو اْن کی دہلیز پر فوری انصاف مہیا کرنے کے لیے فیصل آباد میں ہائی کورٹ کے بنچ کا قیام ناگزیر ہے۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ نے سمندری بار کے صدر رانا نوید ارشاد کی قیادت میں وکلا اور تاجروں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔صدر چیمبر نے کہا کہ فیصل آباد کے علاوہ صوبے بھر کے عوام ڈویژنل بنچوں کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہائیکورٹ کے بنچ کے مطالبے پروکلا بلکہ تاجر اور صنعتکار برادری سمیت ہر طبقہ متفق ہے اور اْن کی جدوجہد گزشتہ کئی سالوں سے جاری ہے لیکن اس شہر کی اہمیت کوتسلیم نہیں کیا جا رہا ہے بلکہ اس جائز مطالبے کو باربار ٹالا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ایک بار پھر وکلا اور تاجر مشترکہ طور پر ہائی کورٹ کے بنچ کے لیے کمربستہ ہوئے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تاجر برادری اْن کے اس جائز مطالبہ کی نہ صرف پوری طرح حمایت کرتی ہے بلکہ اس سلسلہ میں عملی جدوجہد کے لیے بھی تیار ہے۔ سمندری بار کے صدر رانا نوید ارشاد نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نئے سرے سے شروع کی جانے والی جدوجہد کو لازما ً کامیابی سے ہمکنار کیا جائے گا۔