مزید خبریں

پنجاب کی صنعتی ترقی پاک چین کاروبار بڑھائے گی ، چینی قونصل جنرل

لاہور (کامرس ڈیسک) عوامی جمہوریہ چین کے لاہور میں تعینات ہونے والے قونصل جنرل ژا شیرین نے کہا ہے کہ پنجاب اور چین کے درمیان معیشت کے مختلف شعبوں میں تعاون باہمی اقتصادی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جا سکتا ہے،چینی قونصلیٹ پنجاب میں صنعتی ترقی اور دونوں ملکوں کے درمیان کاروباری تعلقات میں اضافے کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے دورہ کے دوران کیا، اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور،دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور پنجاب میں چینی سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے سی ای او احمر ملک نے چینی قونصل جنرل کا استقبال کیا اور انہیں پی بی آئی ٹی کے مختلف شعبوں کا دورہ کروایا اور سرمایہ کاری بورڈ کے فرائض کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، چینی قونصل جنرل نے کہا کہ چین پنجاب کی معیشت کی پائیدار، مستحکم اور متوازن ترقی چاہتا ہے، انہوں نے کہا کہ سی پیک کے اگلے مرحلے میں زرعی ٹیکنالوجی، سماجی شعبے، افرادی قوت کی تربیت اور صنعتی ترقی پر توجہ صرف کی جائے گی ، چین پنجاب میں صنعتی پارکس کی تکمیل، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور انسانی وسائل کی استعداد کار بڑھانے میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گا، چینی قونصل جنرل نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پنجاب اور چین کے درمیان زراعت، فنی تعلیم، لائیوا سٹاک اور سیاحت وغیرہ کے شعبوں میں تعاون کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے، پی بی آئی ٹی کے سی ای او نے کہا کہ موجودہ حکومت پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے برآمدی صنعتوں کو فروغ دینے اور درآمدات کے متبادل پر توجہ دے رہی ہے، انہوں نے کہا کہ چین بین الاقوامی سطح پر زیادہ مانگ والی صنعتوں کی منتقلی اور مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبے شروع کر کے پاکستان کی برآمدات بڑھانے میں مدد کر سکتا ہے، اس سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اقتصادی شراکت داری مضبوط ہو گی۔