مزید خبریں

۔14 اضلا ع میں پی پی کی کامیابی خوش آئند ہے ،عبدالجبار

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ سندھ کے 14 اضلاع کے بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی کے امیدواروں کی بھاری اکثریت سے کامیابی نے یہ ثابت کردیا ہے کہ پیپلزپارٹی عوامی پارٹی ہونے کے ساتھ ساتھ گراس روٹس کی پارٹی ہے جس کے ساتھ سندھ کے عوام ہر طرح سے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 14اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں تمام جماعتوں کے امیدواروں نے آزادانہ طورپر اپنی انتخابی مہم چلائی لیکن مکمل کامیابی صرف پیپلزپارٹی کے حصے میں آئی، کیونکہ عوام یہ سمجھتے ہیں کہ پیپلزپارٹی ان کے حقوق کی جنگ لڑتی ہے اور پیپلزپارٹی کی حکومت میں ہی عوام کے مسائل حل ہوتے ہیں۔ اب سندھ کے شہری علاقوں میں بھی پیپلزپارٹی کی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اس مرتبہ کراچی اور حیدرآباد کے میئر بھی پیپلزپارٹی کے ہوں گے کیونکہ پیپلزپارٹی قومی جماعت ہے اور یہ لسانیت ، فرقہ واریت پر یقین نہیں رکھتی بلکہ اس میں ہر مذہب اور ہر زبان بولنے والے لوگ موجود ہیں۔ انہوں نے حیدرآباد اور کراچی کے عوام سے اپیل کی کہ وہ دوسرے مرحلے میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کریں۔