مزید خبریں

دادو ،نجی بینک منیجرکی گرفتاری کیخلاف والد کا پوتیوں سمیت احتجاج

دادو(نمائندہ جسارت) دادو کے نجی بینک کے آپریشن منیجر کی نیب کی جانب سے گرفتاری کے خلاف والد ریٹائرڈ بینکر عبداللہ لوند دادو پریس کلب میں قرآن شریف اٹھا کر اپنی کمسن پوتیوں آمنہ اور کلثوم کے ساتھ پہنچ کر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب نے نو ماہ سے میرے بیٹے عبدالحفیظ لوند کو جعلی اکاؤنٹ کھولنے کے بے بنیاد الزام میں بے گناہ قید کرکے رکھا ہوا ہے میرا بیٹا الفلاح بینک میں آپریشن منیجر تھا بینک رولز میں آپریشن منیجر کو نئے اکاؤنٹس کھولنے کے معاملوں سے کوئی واسطہ نہیں ہوتا اکاؤنٹ کھلوانے کی ذمے داری بینک منیجر کے سپرد ہوتی ہے بینک منیجر بہادر جونیجو بینک سے جعلی اکاؤنٹوں کے ذریعے 35 کروڑ کی رقم لیکر امریکا فرار ہوگیا ہے اس نے مزیدکہا کہ میں مجبور ہوکر قرآن شریف اٹھا کر لایا ہوں میرا بیٹا بے قصور ہے اس کو بے گناہ گرفتار کیا گیا ہے۔ نیب نے کیس میں دیگر نامزد ملزمان کے اثاثوں کی جانچ کی تو ان کی اربوں کی ملکیت نکلی ہے مگر نیب کو میرے بیٹے کے اثاثے صفر ملے ہیں اس کے باوجود نیب بیٹے کو آزاد نہیں کررہی ہے چیف جسٹس پاکستان معاملے کا نوٹس لیں اور معاملے کی شفاف انکوائری کرائی جائے جس سے میرے بیٹے کی بے گناہی ثابت ہوسکے۔