مزید خبریں

دھاندلی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے گئے،عمران قریشی

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف حیدرآباد کے سینئر رہنما عمران قریشی نے کہا ہے کہ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی نے دھاندلی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے، الیکشن کمیشن اور انتظامیہ خاموشی سے تماشا دیکھتے رہے ، کوئی ضلع ایسا نہیں نہیں جہاں لڑائی جھگڑے، قتل وغارت گری ، دھاندلی نہ کی گئی ہو۔ انہوں نے کہاکہ یوسی کی سطح پر ہونے والے انتخابات میں 2 قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور درجنوں افراد زخمی ہوئے ، پیپلزپارٹی کے کارکنان پولنگ اسٹیشنوں میں گھس کر کھلے عام ٹھپے لگاتے رہے، اپنے مخالفین کو ہراساں کیا گیا ، ان پر مقدمات درج کیے گئے اور انہیں خوفزدہ کرکے انتخابی عمل سے باہر رہنے پر مجبور کردیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات میں اس سے قبل اتنی کبھی دھاندلی نہیں ہوئی جتنی اب ہوئی ہے۔ ڈاکو بیلٹ بکس اٹھاکر لے گئے ، پیپلزپارٹی کے کارکنان نے مخالف جماعت کے پولنگ ایجنٹوں اور الیکشن کے عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا لیکن ان کی کوئی فریاد سننے کوتیار نہیں ہے۔ یہ بات اب ثابت ہوگئی ہے کہ پیپلزپارٹی دھاندلی، دھونس اور جبر کے ذریعے انتخابات چھین رہی ہے ، اگر یہی صورتحال رہی تو پھر عوام اس انتخابی عمل سے متنفر ہوجائیں گے اور پھر اس کا نقصان جمہوریت کو پہنچے گا۔