مزید خبریں

کامیاب آزاد اُمیدوار پیپلز پارٹی ہی کا حصہ ہوں گے،شہزاد جیلانی

خیرپور(جسارت نیوز)پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما سید شہزاد شاہ جیلانی نے ضلع خیرپور میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی کامیابی پر پارٹی چیئرمین بلاول زرداری ، صدر آصف علی زرداری اور فریال ٹالپر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں ۲۱ اضلاع کا نتیجہ سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہاں کارکردگی بہتر اور کہاں مایوس کن رہی اس پر پارٹی ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے اور غفلت و کوتاہیوں کی نشاندہی کی جائے تاکہ آئندہ مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ ہو۔ سید شہزاد شاہ نے کہا کہ خیرپور میونسپل کمیٹی پر 7 نشستوں پر پی پی امیدواروں کو شکست جبکہ 3 نشستوں پر 15/20 ووٹوں کی برتری سے کامیاب ہوئے ان کے موقف کی تائید ہے کہ ٹکٹ غلط لوگوں میں دیے گئے جس سے ماضی کے مقابلے میں جہاں پیپلز پارٹی نے 29 وارڈوں پر کلین سوئپ کیا اس بار 4 آزاد اور باقی حزبِْ اختلاف کی جماعتوں کے امیدوار کامیاب ہوئے۔ ٹھیڑھی ٹائون پر بھی پارٹی کو شکست اور ببرلو میں بھی آدھی سیٹوں پر شکست ہوئی۔ انہوں نے اس امر کا بھی اظہار کیا کہ انشااللہ جو آزاد حیثیت سے کامیاب ہو کر آئے وہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی کا حصہ ہوں گے۔ جیالے اب آگے آنے والے انتخابات کی تیاری کریں۔ انشااللہ جیت تیر کی ہوگی اور جیئے بھٹو کے نعرے ہر جگہ گونجیں گی ۔