مزید خبریں

مسلم عوام اسلام دشمن بینکوں کابائیکاٹ کریں،مفتی طاہر مکی

ٹنڈوآدم (پ ر) اسٹیٹ بینک اور مختلف بینکوں کی جانب سے سود کے بارے میں وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کیے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دارالافتا حمادیہ کے رئیس مفتی محمد طاہر مکی ،جامعہ مفتاح العلوم حیدرآباد کے نگران تعلیمات مولانا محفوظ الرحمن شمس،جامعہ ندوۃ العلوم کے قاری عبدالرحمن الحذیفی،مرکزی جامع مسجد فاروق اعطم تلک چاڑھی کے خطیب قاری محمد عارف شیخ ،ودیگر علما نے کہا ہے کہ مسلم عوام سودی نظام کے خلاف وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے پر اپیل دائرکرنے والی اسلام دشمن بینکوں کابائیکاٹ کریں۔مفتی محمد طاہرمکی نے کہا کہ ہمارا ملکی نظام معیشت کی تباہی کا سب سے بڑا سبب سودی نظام معیشت ہے ،وفاقی شرعی عدالت کا فیصلہ ہمارے پاس گولڈن چانس تھا جس سے فائدھ حاصل کرتے ہوئے شرعی عدالتی فیصلے کی روشنی میں ہم سود کی لعنت سے چھٹکارا حاصل کرسکتے تھے مگر انتہائی افسوس کہ ہماری ملک کی بینکوں نے اس فیصلے کیخلاف اپیل ہی دائر کردی۔مفتی طاہرمکی نے کہا کہ سود اللہ اور اس کے رسول کیساتھ کھلی جنگ ہے اور بھلا خالق کے ساتھ جنگ کرکے بھی مخلوق کامیابی پا سکتی ہے ؟علما نے مطالبہ کیا کہ وہ متعلقہ بینکوں کو پابند بنائے کہ وہ فوراًیہ اپیل واپس لیں اور سودی نظام سے چھٹکارے کیلیے حکمت عملی ترتیب دی جائے۔علما نے مطالبہ کیا کہ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سربراہ اور میزان بینک کے موجدشیخ الاسلام مفتی محمد تقی عثمانی کی سربراہی ایک ٹاسک فورس تشکیل دی جائے جس میں زندگی ہر شعبے اور طبقے کی نمائندگی ہوپھر معاشی اور اقتصادی ماہرین سے رہنمائی حاصل کرکے ملک کو سود سے پاک نظام معیشت مہیاکیا جائے۔علما نے مسلم عوام سے اپیل کی کہ وہ اللہ اور اس کے رسول سے جنگ کرنے سے الگ ہوجائیں اور سودی نظام معیشت کیخلاف وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کو چیلنج کرنے والے اسٹیٹ بینک ،نیشنل بینک ،ایم سی بی،حبیب بینک، یوبی ایل سے اپنے اکائونٹ بند کریں اور اپنی رقوم نکلواکرخداکے عذاب اور جنگ سے محفوظ ہوجائیں۔