مزید خبریں

اسٹیٹ بینک ودیگر کا حرمت سود کا فیصلہ چیلنج کرنا شرمناک ہے‘ غربا اہلحدیث

کراچی(نمائندہ جسارت)امیر جماعت غربا اہلحدیث پاکستان ورئیس جامعہ ستاریہ الاسلامیہ مولاناعبدالرحمن سلفی نے سود کے خلاف شریعت عدالت کے حالیہ فیصلے کو اسٹیٹ بینک و دیگر اداروں کی جانب سے چیلنج کرنے کے اقدام کی سخت مذمت کی ہے ،مولاناعبدالرحمن سلفی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ اقدام آئین پاکستان کے منافی اور اللہ و رسولؐ سے بغاوت کے مترادف ہے حکمرانوں کو ایسے فیصلے کرنے سے ڈرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ دینی و سیاسی جماعتوں کی اس مسئلے پر خاموشی افسوس ناک ہے۔ مولانا سلفی نے جماعت اسلامی اور تنظیم اسلامی کی اس ضمن میں جدو جہد کو سراہا اور انہیں مکمل حمایت کا یقین دلایا، انہوں نے کہا کہ عوام کو اس اہم دینی مسئلے پر متحد اور علما کے مشترکہ فیصلے کے لیے تیار رہنا ہوگا ،اگر اسٹیٹ بینک اور دیگر اداروں نے رجوع نہیں کیا اور اپیل واپس نہیں لی تو علما مشترکہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی نواز حکومت ہی شریعت کورٹ فیصلے کے خلاف اپیل میں گئی اور سودی نظام کو قائم رکھنے میں کردار ادا کیا آج پھر اسی حکومت میں اللہ سے جنگ کرنے کے لیے اور سودی نظام برقرار رکھنے پر کام شروع کردیا گیا ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔