مزید خبریں

وزیر اعظم حرمت سود کیخلاف اپیل واپس کروائیں‘اسلامی نظریاتی کونسل

اسلام آباد (آن لائن) اسلامی نظریاتی کونسل نے وزیر اعظم شہبازشریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سودی بینکاری سے متعلق وفاقی شریعت عدالت کے فیصلے کے خلاف اسٹیٹ بینک کی اپیل واپس کرنے کے لیے کردار ادا کریں۔ اسلامی نظریاتی کونسل کی جانب سے وزیراعظم کو خط لکھا گیا ہے ۔خط کے متن میں وزیراعظم شہباز شریف کو بتایا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک کی وفاقی شریعت عدالت کے فیصلے کے خلاف عدالت عظمیٰ میں اپیل سے لوگ نا خوش ہیں۔ وزیراعظم کو بتایا گیا اسلامی نظریاتی کونسل نے بینکوں کے سربراہان سے درخواست کی تھی کہ فیصلے کے خلاف اپیل نہ کی جائے اس کے باوجود عدالت عظمیٰ سے رجوع کیا گیا۔خط میں تجویز دی گئی ہے کہ کہ حکومت شریعت، معیشت اور قانون کے ماہرین پر مشتمل ایک ٹاسک فورس تشکیل دے۔ یہ ٹاسک فورس اسٹیٹ بینک کے تحفظات کا جائزہ لے۔ وفاقی شریعت عدالت کے فیصلے پر عمل در آمد کی راہ ہموار کرنے کے لیے سفارشات مرتب کرے۔ یہ حکومت اور ملک وملت کے لیے بہترین اقدام ہوگا۔