مزید خبریں

پارلیمانی کمیٹی نے ہائی کورٹس کے 5 ججز کی تعیناتی کی منظوری دیدی

اسلام آباد (آن لائن/صباح نیوز) پارلیمانی کمیٹی برائے ججز تقررکا اجلاس سینیٹر فاروق نائیک کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں مختلف ہائی کورٹس کے لیے ججز کے تقرر کی منظوری دی گئی۔ فاروق نائیک کا کہنا ہے کہ 5 ججز کو ہائی کورٹس میں تعینات کرنے سے متعلق جوڈیشل کمیشن کی سفارشات کی منظوری دیدی گئی ہے۔ تمام ججز کا تقرر اتفاق رائے سے کیا گیا‘ کمیٹی رکن فہمیدہ مرزا نے بھی اعتراض نہیں کیا۔ ہائی کورٹس میں جن جج صاحبان کے تقرر کی منظوری دی گئی‘ ان میں عامر نواز رانا، سردار احمد حلیمی، اقبال احمد کاسی، شوکت علی رخشانی اور گل حسن ترین شامل ہیں۔ علاوہ ازیں منگل کو سندھ ہائی کورٹ میں 7 ایڈیشنل ججز کے تقرر کے معاملے پر عدالت عظمیٰ کے چیف جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن کا اجلاس 5 گھنٹے جاری رہا،مگر اجلاس کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکااور موخرکر دیا گیا ۔ چیف جسٹس نے اجلاس کی صدارت وڈیو لنک کے ذریعے کی۔ اجلاس میں امجد علی بوہیو سیشن جج، راشد سولنگی جج اے ٹی سی، سعد قریشی سیشن جج، ارباب ہاکڑو ایڈووکیٹ، عبدالرحمان ایڈووکیٹ، خرم رشید ایڈووکیٹ اور خادم حسین سومرو ایڈووکیٹ کے ناموں پر غور کیا گیا۔