مزید خبریں

پیٹرول کی قیمت 320 روپے فی لیٹر تک جائیگی ، عمر ایوب

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت320 روپے فی لیٹر تک جائے گی۔ انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں لوڈ شیڈنگ بحران شدید ہوتا جا رہا ہے جبکہ وزیراعظم نے 48 گھنٹے میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن اب وزیر اعظم اور وزیر توانائی کہہ رہے ہیں جولائی میں بھی لوڈ شیڈنگ ہو گی‘ پاکستان روس سے تیل لے رہا تھا اور پی ٹی آئی حکومت نے 80 فیصد فیڈرز پر لوڈ شیڈنگ ختم کر دی تھی جبکہ سحر و افطار میں99 فیصد ملک میں بلا تعطل بجلی فراہم کی گئی۔ عمر ایوب نے کہا کہ ملک میں 7 سے 8 ہزار میگا واٹ بجلی کی کمی کا سامنا ہے اور اگست تک بجلی کا فی یونٹ 45 روپے کا ہوجائے گا‘ غریب کا جینا محال ہوتا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اوگرا نے گیس کی قیمت 400 فیصد بڑھانے کی سفارش کی ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بھی 320 روپے فی لیٹر تک جائیں گی۔