مزید خبریں

ملکی زوال کی وجہ کرپشن‘ سود اور نااہل قیادت ہے‘راشد نسیم

 

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ مارشل لاز اور تینوں نام نہاد بڑی سیاسی جماعتوں کی حکومتوں نے مل کر پاکستان کو معاشی، معاشرتی اور اخلاقی تباہی سے دوچار کیا۔ 22کروڑ کی افرادی قوت اور ایٹمی طاقت رکھنے والے وسائل سے مالا مال ملک کی حالت آج اس کے سبھی پڑوسیوں سے بری ہے۔ زوال کی وجہ کرپشن، سودی معیشت اور نااہل قیادت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔راشد نسیم نے کہا کہ پاکستان کا گزشتہ 7 دہائیوں میں سفر زوال کی جانب ہے۔ آج بنگلا دیش اور افغانستان معاشی لحاظ سے پاکستان سے زیادہ مضبوط ہیں۔ ملک کی ٹیکسٹائل انڈسٹری بنگلا دیش منتقل ہو رہی ہے، کرنسی روز نیچے جا رہی ہے۔ ایک وقت تھا کہ پاکستان کی ائرلائن دنیا کی ٹاپ ائرلائنز میں شمار ہوتی تھی۔ یہاں ایشیا کی سب سے بڑی اسٹیل مل لگی، ہمارا کھیلوں میں دنیا بھر میں نام تھا، لیکن آج ہر شعبہ زوال کا شکار ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر پاکستان کو ایمان دار قیادت مل جائے تو سارے مسائل حل ہو جائیں گے اور جماعت اسلامی ملک کو وہ قیادت دے سکتی ہے جو اسے ترقی و خوشحالی کے راستے پر گامزن کر سکتی ہے۔