مزید خبریں

بجلی لوڈ شیڈنگ بند‘ تاجر دشمن ضمنی بجٹ واپس لیا جائے‘ اسمال ٹریڈرز

 

کراچی (اسٹاف ر پورٹر ) آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹر ی کے صدر محمود حامدنے حکومت کی جانب سے بجلی پیٹرول نرخوں میں اضافے اور سپر ٹیکس کے نام پر خوفناک ضمنی بجٹ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے تاجرو معیشت دشمن بجٹ قرار دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ضمنی بجٹ واپس لیا جائے،، پیٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافے کے اعلانا ت واپس اور ظالمانہ لوڈ شیڈنگ ختم کی جائے ، وہ گزشتہ روز ایم اے جناح روڈپر تاجروں کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، اجلاس سے سید لیاقت علی، جاوید حاجی عبد اللہ، سید نوید احمد، عثمان شریف، بابر خان بنگش اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ محمود حامد نے کہا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کے آگے گھٹنے ٹیک دیے ہیں، معیشت دشمن فیصلوں کے سبب اسٹاک مارکیٹ کریش کر چکی ہے، ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، مارکیٹوں میں گاہک نہیں ہیں، عوام کی قوت خرید ختم ہو چکی ہے، اسمال ٹریڈرز نے کہا کہ حکومت ٹیکس دینے والوں کی گردن دبانے کے بجائے جاگیرداروں اور وڈیروں، سیاستدانوں کی آمدنی پر ٹیکس لگائے اور اپنے اخراجات کم کر کے 54وزراکی فوج کو ختم کیا جائے، سرکاری حکام کو مفت پیٹرول و بجلی اور مراعات ختم کی جائیں، سامان تعیش کی درآمد بند کی جائے۔انہوںنے کراچی میں 18 اور20 گھنٹے کی ظالمانہ لوڈشیڈنگ کی مذمت کی اور احتجاج کرنے والے عوام پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کی پر زورمذمت کی انہوں نے بجلی کی بحالی کے لیے مظاہرہ کرنے والی خاتون کی شہادت پر بھی اظہار افسوس کیا اور مطالبہ کیا کہ شہید خاتون کے ورثاکو معاوضہ ادا کیا جائے مرحومہ کے قتل کے ذمے داروں کو گرفتار کیا جائے اور کراچی میں بجلی کے بحران کو ختم کیا جائے ۔