مزید خبریں

جامعہ اردوفنون لطیفہ اورادب کے فروغ کیلیے مثالی ادارہ بنائیں‘صدرمملکت

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ وفاقی اردو یونیورسٹی کو ملک میں فنون لطیفہ اور ادب کے فروغ کیلیے ایک مثالی ادارہ بنائیں۔تفصیلات کے مطابق صدر مملکت نے وفاقی اردو یونیورسٹی آف آرٹس، سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ کیا اور اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ فنونِ لطیفہ اور ادبیات کے گریجویٹس کی مارکیٹ میں قدر اور طلب کا اندازہ لگانے کیلیے مارکیٹ سروے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ فنون لطیفہ اور فلسفے کا مطالعہ ایک جامع اور متوازن انسانی شخصیت کی تشکیل میں مدد دیتا ہے، فنون لطیفہ، ادبیات اور فلسفے کے شعبوں میں بھی تعلیم کو یکساں اہمیت دی جانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں کو فنون لطیفہ اور ادب کے شعبے میں تعلیم کے ذریعے امن، فلاح و بہبود اور جامعیت کی اقدار کو فروغ دینا چاہیے۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اساتذہ فارغ التحصیل طلبا کو اپنی صلاحیتوں کے ذریعے باعزت روزی کمانے کے قابل بنائیں، بصارت اور جسمانی طور پر معذور طلبہ کو اعلی تعلیمی اداروں میں دیگر طلبہ کے ساتھ داخلہ دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی طلبا کیلیے اساتذہ کو تربیت بھی فراہم کی جائے تاکہ وہ انکی تعلیمی ضروریات کو پورا کرسکیں، خصوصی تعلیم کا مقصد صرف طلبا کو ہنر اور تعلیم دینا نہیں بلکہ ملکی سماجی و اقتصادی ترقی میں فعال کردار ادا کرنے کے قابل بنانا ہے۔