مزید خبریں

بلوچستان :8 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات دوبارہ کرانیکا فیصلہ ،کوئٹہ کا شیڈول معطل کرنے کا عدالتی حکم

اسلام آباد،کوئٹہ(آئی این پی،اے پی پی)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلوچستان کے 8اضلاع میں بلدیاتی انتخابات دوبارہ کروانے کا فیصلہ کرلیا ، مجوزہ تمام اضلاع میں انتخابات دو جولائی کو ہوں گے ، پیر کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے کے 8اضلاع جن میں دکی ،قلعہ عبداللہ ، زیارت ، لورالائی ، پنجگور ، سبی ۔نوشکی اور کیچ شامل ہیں،ان اضلاع کے 13وارڈز میں 2جولائی کو دوبارہ انتخابات کرائے جائیں گے ، متعلقہ اضلاع میں 29مئی 2022کے دوران ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں امن وامان اور دیگر واقعات کی بنا پر انتخابات معطل کیے گئے تھے۔علاوہ ازیںبلوچستان ہائی کورٹ نے کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول معطل کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔ہائی کورٹ نے پیر کو یہ حکم ایک سابق کونسلر عبدالکریم لانگو کی درخواست پر جاری کیا ہے ۔ سابق کونسلر عبدالکریم لانگو کی درخواست کی سماعت جسٹس کامران ملاخیل اور جسٹس نذیر احد لانگو نے کی ، سابق کونسلر عبدالکریم نے درخواست میں کوئٹہ کی حلقہ بندیوں کو چیلنج کیا تھا ۔ الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات 28 اگست کو ہونا تھے بلوچستان ہائی کورٹ میں درخواست کی سماعت 6 جولائی تک ملتوی کر دی گئی ہے ۔