مزید خبریں

بھارت ، خالصتان نواز امیدوار انتخابات میں کامیاب

چندی گڑھ (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی ریاست پنجاب میں خالصتان نواز سیاسی جماعت کے صدر سمرن جیت سنگھ مان نے سنگرور پارلیمانی حلقے کا ضمنی الیکشن جیت لیا ۔ انہوں نے اپنی کامیابی کو علاحدگی پسند خالصتان ریاست کے رہنما جنریل سنگھ بِھنڈران والا کے نام کردیا۔ خالصتان نواز سیاسی جماعت شرومنی اکالی دل کے صدر 77سالہ سمرن جیت سنگھ مان نے ڈھائی لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کیے۔ یہ نشست بھگونت سنگھ مان کے 3ماہ قبل وزیر اعلیٰ بننے کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔ بھنڈران والا کو جون 1984ء میں گولڈن ٹیمپل پرآپریشن بلیو اسٹار کے دوران بھارتی فوج نے ہلاک کردیا تھا۔ سمرن جیت سنگھ مان نے آپریشن بلیو اسٹار کے خلاف اپنے عہدے سے استعفا دے دیا تھا۔ ضمنی انتخابات میں کامیابی کے بعد سمرن جیت سنگھ نے اپنی پہلی تقریر میں اپنی کامیابی کا سہرا اپنے کارکنوں اور جرنیل سنگھ بھنڈران والا کی تعلیمات کو دیا۔ انہو ں نے کہا کہ بھنڈران والے نے پرامن جدوجہد کے ذریعہ جینے کا جو راستہ بتایا تھا، اس پر سفر جاری رہے گا۔ اس کامیابی کا اثر عالمی سیاست پر بھی پڑے گا۔ لوگوں کا حوصلہ بلند ہے اور وہ خاموش نہیں بیٹھیں گے۔واضح رہے کہ آئی پی ایس کے سابق افسر 77 سالہ سمرن جیت سنگھ خالصتان ریاست کے حامی ہیں اور جمہوری طریقے سے علاحدہ خالصتان کے قیام کا مطالبہ کرتے رہے ہیں۔آپریشن بلیو اسٹار کے خلاف اپنے عہدے سے استعفا دینے کے بعد وہ روپوش ہوگئے تھے۔