مزید خبریں

پی ٹی سی ایل کا ماہی گیروں کے لیے لائف جیکٹس کا عطیہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پی ٹی سی ایل گروپ نے فشر مین کوآپریٹیو سوسائٹی ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ ایک تقریب میں کراچی کی ماہی گیروں کو لائف جیکٹس عطیہ کردیں تاکہ چھوٹے پیمانے کے ماہی گیروں کو سمندری طوفان سے لاحق خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔ پی ٹی سی ایل گروپ کے نمائندوں نے یہ جیکٹس فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے چیئرمین زاہد ابراہیم بھٹی کے حوالے کیں،اس موقع پر پی ٹی سی ایل گروپ کے پبلک ریلیشنزو کارپوریٹ کمیونیکیشن کے سربراہ عامر پاشا نے کہا کہ پی ٹی سی ایل گروپ ہمیشہ ایسے مواقع کی تلاش میں رہتا ہے جہاں ضرورت کے مطابق لوگوں کی مدد اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے کام کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ مون سون کا موسم قریب ہے اور ماہی گیروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے، جو مچھلی اور دیگر سمندری خوراک کی سپلائی کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی جانیں خطرے میں ڈالتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماہی گیروں کی حفاظت انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور انہیں تربیت اور ضروری حفاظتی سامان دونوں سے لیس کرنے کی ضرورت ہے۔ چیئرمین فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی، زاہد ابراہیم بھٹی نے ماہی گیروں کی حفاظت کے لیے اٹھائے گئے اہم اقدام پر پی ٹی سی ایل گروپ کا شکریہ ادا کیا۔