مزید خبریں

5ہزار مزدورٹرین مارچ کا استقبال کریں گے ،این ایل ایف لاہور

لاہور (نمائندہ جسارت) این ایل ایف لاہور کے صدر ملک عدنان نے کہا ہے کہ 5ہزار سے زائد مزدوروں کا قافلہ مہنگائی کے خلاف ٹرین مارچ کا استقبال کرے گا ۔ جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی سراج الحق کر رہے ہیں۔ اگر قوم نے اب بھی آنکھیں نا کھولیں، غفلت کی نیند سوئے رہے تو سرمایہ داروں، وڈیروں اور جاگیر داروں کی غلامی سے کبھی نجات نہیں حاصل کر سکیں گے۔حکمران آئی ایم ایف سے مدد مانگنے کے بجائے اگر اللہ کو سپر پاور مان لیں اور اس سے معافی مانگیں ، اسی کی عبادت کریں اور اسی سے مدد مانگیں تو ملک تمام بحرانوں سے نکل جائے گا۔ قوم اس مرتبہ جماعت اسلامی کے امیدواروں کو ووٹ دے ملک کی خوشحالی کی ضمانت ہم دیتے ہیں۔کیونکہ جماعت اسلامی کے لوگ اللہ سے ڈرنے والے ہیں،کسی کا حق نہیں کھائیں گے، کرپشن نہیں کریں گے، چند ٹکوں کی خاطر ضمیر کا سودانہیں کریںگے، اقتدار میں آ کر جائدادیں نہیں بنائیں گے اقربا پروری نہیں کریںگے۔ یکساں نظام تعلیم اور صحت کی بہترین سہولیات سب کے لیے مفت ہوں گی۔سودی نظام معیشت کا خاتمہ اولین ترجیح ہو گی۔کیونکہ کلمہ طیبہ کے نام سے بننے والے پاک ملک میں گندہ ، غلیظ اور ناپاک نظام معیشت کیسے کامیاب ہو سکتا ہے۔ سود اللہ اور اس کے رسولﷺ کے خلاف جنگ ہے جو کھبی جیتی نہیں جاسکتی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے این ایل ایف لاہور کے دفتر میں ٹرین مارچ کے استقبال کی تیاریوں کے حوالے سے بلائے گئے اجلاس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں لاہو ر کے تمام ذمے داروں کو زیادہ سے زیادہ تعداد کے ساتھ پہنچنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔