مزید خبریں

ہماری زبان ہی ہماری شناخت ہے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہماری زبان ہی ہماری شناخت ہے، جدید دنیا میں زبانیں معدومیت کی جانب بڑھ رہی ہیں،زبانوں کے تحفظ کے لیے عالمی سطح پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، یہ بات انہوں نے پیر کو علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے زیر اہتمام ’’لینگوئج ڈاکومنٹیشن‘‘ کے موضوع پر 4 روزہ انٹرنیشنل ٹریننگ ورکشاپ کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ زبان مختلف ثقافتوں اور معاشروں کو اکٹھا کرتی ہے، زبان کی ڈاکومنٹیشن جیسے اہم موضوع پر تربیتی ورکشاپ کا انعقاد خوش آئند امر ہے، یہ وہ موضوع ہے جو ہماری ثقافت اور عام روزمرہ زندگی میں بالکل گم ہو کر رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تقریباً 80 زبانیں بولی جاتی ہیں جن میں سے 26 زبانیں معدومیت کی جانب بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لینگویج ڈاکومنٹیشن کو اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں شروع کرایا جا سکتا ہے، اس پر مقابلے بھی کرائے جا سکتے ہیں۔