مزید خبریں

کورونا:ملک میں دوران سفر ماسک پہننا لازمی قرار،کراچی میں شرح 22 فیصد سے متجاوز

اسلام آباد (صباح نیوز/ مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کیسز میں اضافے کے باعث ملک میں دوران سفر ماسک پہننا لازمی قرار دیدیا گیا‘ کراچی پورے ملک میں سب زیادہ متاثرہ شہر ہے جہاں کورونا کیسز کی شرح 22 فیصد سے متجاوز کر گئی ہے۔ ملک بھر میں کورونا وائرس سے مزید2 مریض انتقال کرگئے جبکہ شرح 3 فیصد کے قریب ریکارڈ کی گئی۔ قومی ادارہ برائے صحت
کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک میں 13 ہزار 412 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے382 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی‘ کورونا مثبت آنے کی شرح 2.85 فیصد رہی جبکہ وائرس میں مبتلا 2 مریض انتقال کرگئے‘ 87 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے‘ کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 22.65ریکارڈ کی گئی‘ سندھ میں مثبت کیسز کی شرح 6.12 فیصد رہی ‘ وفاقی وزیر خورشید شاہ بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا۔ دوسری جانب کورونا کیسز میں دوبارہ اضافے کے سبب سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اندرون ملک پروازوں میں فیس ماسک کا استعمال دوبارہ لازمی قرار دے دیا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ قومی ادارہ صحت نے ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر عوام سے دوران سفر ماسک پہننے کی اپیل کی ہے۔قومی ادارہ صحت کے ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک کے بعض شہروں میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر اندرون ملک پروازوں ، ریلوے اور بسوں میں دوران سفر عوام کے لیے ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے‘ تمام شہریوں سے گزارش ہے کہ سفر کے دوران چہرے پر ماسک لگائیں۔