مزید خبریں

جماعت اسلامی ہی اس شہرکی خدمت کرسکتی ہے‘فاروق نعمت اللہ

کراچی (پ ر)یو سی 8 وارڈ 3 گلبرگ رحمن آباد میں مرکزی الیکشن آفس کا افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاح سے امیدوار برائے چیئرمین فاروق نعمت اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر کراچی کا اس وقت بدترین حال کر دیا گیا ہے۔ پورا شہر کچرا کنڈی کا منظر پیش کر رہا ہے۔ تمام سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں، کراچی کے عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔جماعت اسلامی نے پہلے بھی اس شہر کی خدمت کی ہے آئندہ بھی اس شہر کی صحیح معنوں میں جماعت اسلامی ہی خدمت کر سکتی ہے۔ کراچی کے حقوق کیلیے ابھی سے نہیں بلکہ سابق میئر کراچی عبدالستار افغانی کے زمانے میں اس تحریک کا آغاز ہوگیا تھا اور اسکے بعد سے یہ تحریک مستقل آگے بڑھ رہی ہے۔ عبدالستار افغانی کو کراچی کے حقوق مانگنے پر ہی انکی حکومت برطرف کر دی گئی تھی اور انہیں پابند سلاسل کر دیا گیا تھا۔ نعمت اللہ خان کا دور شہر کراچی کا سنہرا دور تھا۔ اس دور میں شہر کراچی نے بے مثال ترقی دیکھی۔ آئندہ بھی اگر کوئی شہر کراچی کو اسکے حقوق دلوا سکتا ہے اور ترقی کی راہ پر دوبارہ گامزن کر سکتا ہے تو وہ صرف جماعت اسلامی کی دیانتدار اور باصلاحیت قیادت ہی کر سکتی ہے۔