مزید خبریں

آئندہ انتخابات میں مافیا کو شکست دینی ہے ، نوجوان ساتھ دیں، عمران خان

اسلام آباد (صباح نیوز/ آئی این پی) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے نوجوانوں کو ٹائیگر فورس میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں بیرونی مداخلت کے ذریعے ایک امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی‘ مجرموں کو اقتدار دیا گیا‘ نیب اور ایف آئی اے کو تباہ کر دیا اور آگے یہ ہمارا انصاف کا نظام تباہ کر دیں گے۔ پیر کو انہوں نے ٹائیگر فورس کی ویب سائٹ لانچ کردی۔ اس موقع پر نوجوانوں کے نام جاری پیغام میں عمران خان نے ٹائیگر فورس، خواتین اور نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آج ہمارا ملک جس موڑ پر کھڑا ہے وہاں آپ کی ضرورت ہے‘ 2 خاندانوں نے جھک جھک کر بیرونی طاقتوں کی غلامی کی اور اس لیے اقتدار میں لائے گئے تاکہ باہر کے ایجنڈے پر چلیں‘ 1100 ارب روپے کی چوری پر خود کو این آر او دیا گیا‘ ایف آئی اے میں 16 ارب روپے کے کیسز دفن کر دیے اور اب یہ ایسا ماحول بنا رہے ہیں کہ عدالتوں سے بھی بچ جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے 20 حلقوں کے الیکشن میں ابھی سے دھاندلی ہو رہی ہے‘ یہ کبھی بھی صاف اور شفاف الیکشن نہیں ہونے دیں گے‘ عام انتخابات میں بیرونی طاقت سے مسلط مافیا کو شکست دینی ہے، پنجاب کے ضمنی الیکشن میں سب نے حصہ لینا ہے اور ہماری درخواست ہے کہ انتخابی مرحلے میں نوجوان ہماری مدد کریں اس لیے نوجوانوں سے کہتا ہوں خود کو رجسٹر کریں اور ٹائیگر فورس جوائن کریں۔ علاوہ ازیں پیر کو پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کی اعلیٰ سطحی سیاسی کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے دوران بد انتظامی کی مذمت کی گئی اور الیکشن کمیشن کی جانب سے صاف، شفاف اور ساکھ کے حامل انتخابات کے انعقاد میں ناکامی پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے دوران حکمران اتحاد کی جانب سے مبینہ دھاندلی کی شکایات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ پی کے 7 سوات میں تحریک انصاف کی فیصلہ کن کامیابی پر مسرت و اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ 2 جولائی کو پریڈ گراؤنڈ میں تاریخی احتجاجی جلسے کی قیادت کروں گا‘ باشعور عوام کا پرجوش ردعمل امپورٹڈ کٹھ پتلیوں کے لیے خوف کی علامت بن چکا ہے‘مقامی میرجعفروں کی خوفزدہ سرکار آئین و قانون اور جمہوری اقدار کی دھجیاں یوں اڑا رہی ہے جیسے کسی آمر نے بھی نہیں اڑائیں‘غلاموں کو قوم پر مسلط رکھنے کے لیے پورا جمہوری نظام داؤ پر لگایا جا رہا ہے‘ عوام کو مہنگائی کی اذیت سے دوچار کرکے چوروں کے لیے این آر او دوم کا اہتمام قوم نے مسترد کیا ہے۔