مزید خبریں

جماعت اسلامی ضلع کیماڑی،بلدیاتی امیدواروں کو ٹکٹ جاری

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی ضلع کیماڑی کے بلدیاتی امیدواروں کو انتخابی ٹکٹ الاٹ کردیے گئے‘ ضلع بھر کی تمام 27یونین کونسلوں میں جماعت اسلامی اپنے انتخابی نشان ترازو پر انتخابی میدان میں حصہ لے رہی ہے‘ سندھ ہائیکورٹ میں بہرصورت انتخابات کرانے کے فیصلے کے بعد امیر جماعت اسلامی ضلع کیماڑی فضل احد نے ضلع کیماڑی میں منعقدہ تقریب میں چیئرمین اور وارڈ اور خصوصی نشستوں کے امیدواروں کو انتخابی نشان ترازو کے ٹکٹ جاری کیے ہیں۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل احد نے کہا کہ عوام میں رائے عامہ ہموار ہے‘ لوگ دیگر جماعتوں کی کارکردگی سے نالاں ہیں اور پُرامید نظروں سے جما عت اسلامی کی جانب دیکھ رہے ہیں‘ جماعت اسلامی کے امیدواران اور کارکنان انتخابی مہم کے دوران گھر گھر اور انفرادی رابطوں کو مؤثر بنائیں اور پولنگ کے دن خصوصاً لوگوں کو ترازو کے حق میں ووٹ ڈالنے پر آمادہ کریں ‘ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جماعت اسلامی کامیاب ہوکر سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کے کامیابی کے ادھورے مشن کو مکمل کرے گی اور کراچی کو ترقی اور خوبصورتی کی نئی جہت دے گی۔