مزید خبریں

کراچی کی حالت کے ذمے دار حکومت واتحادی ہیں،محمدیوسف

کراچی (پ ر)امیر جماعت اسلامی ضلع شمالی محمد یوسف نے کہا ہے کہ شہر کراچی کی اس وقت جو حالت زار ہے اس کی ذمے دار صوبائی حکومت اور اس کی اتحادی ایم کیو ایم سابق سٹی گورنمنٹ ہے۔ ہم شہر قائد کراچی کو اس کی روشنیاں اور رونقیں لوٹانا چاہتے ہیں اس لیے کبھی احتجاجی مظاہروں اورکبھی دھرنے دے کر اہلیان کراچی کی آواز بلند کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوںنے جماعت اسلامی گلشن معمار کے زیر اہتمام جامع مسجد ابو حذیفہ گلشن معمار میں منعقد ہونے والے ورکرز کنونشن بسلسلہ بلدیاتی انتخابات اور چرم قربانی مہم کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی حالت بہتر بنانے کے لیے جماعت اسلامی ہمیشہ سے پر عزم ہے اسی لیے بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی اپنے دیانت داراور باصلاحیت امیدواروں کے ذریعے ایک نئے عزم اور جوش و جذبے کے ساتھ میدان عمل میں موجود ہے۔ ہمیں ہر گلی ہر محلے ہر فرد تک پہنچنا ہے انہیں یقین دلانا ہے کہ اُن کے مسائل کا حل صرف جماعت اسلامی کے پاس ہے وہ صرف اور صرف ترازو کی نشان کو یاد رکھیں اور الیکشن کے دن ترازو کے نشان پر مہر لگا کر کراچی کا مستقبل روشن کر سکتے ہیں۔ ورکرز کنونشن میں نائب امیر جماعت اسلامی ضلع شمالی احمر خان نے چرم قربانی مہم کے حوالے سے منصوبہ بندی اور لائحہ عمل سے متعلق بریفنگ دی۔