مزید خبریں

چوڑی صنعت سے وابستہ افراد حقوق سے محروم ہیں،رحمت اللہ

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) چوڑی انڈسٹری ایکشن کمیٹی کی جانب سے چوڑی مزدوروں کی ملازمت کو تحفظ اور دیگر سہولیات نہ ملنے کے خلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اس موقع پر رحمت اللہ ‘ مجیب الرحمان‘ اظہر گدی ودیگر نے کہاکہ حیدرآباد میں عرصہ دراز سے چوڑی سازی کی صنعت سے وابستہ سینکڑوں افراد کی ملازمتوں کو کوئی تحفظ نہیں ہے محکمہ محنت اور ای او بی آئی کی نااہلی کے باعث چوڑی صنعت سے وابستہ مزدور سہولیات سے محروم ہیں ،سوشل سیکورٹی قانون کے تحت ملنے والی سہولیات بھی فراہم نہیں کی جارہی ۔چوڑی کارخانوںکے مالکان اپنا کاروبار رجسٹرڈ کراتے وقت کچھ من پسند افراد کے نام دے کر حکومت سے سہولیات لیتے ہیں، لیبر فلیٹ سمیت مزدور لا ء اور دیگر سہولیات سے کارخانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کو محروم رکھا جاتا ہے جو کہ دھوکا ہے اور لیبر قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کی جانب سے لیبر قانون کے تحت ملنے والی سہولیات پر مزدوروں کا حق ہے جو کہ مالکان کی اولاد‘ اور رشتے دار کھا رہے ہیں اور حق داروں کو محروم رکھاجارہاہے ۔ انہوںنے چیف جسٹس پاکستان سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ گھروں اور کارخانوں میں چوڑی سے وابستہ مرد وخواتین محنت کشوں کو ان کا حق دلایاجائے ۔