مزید خبریں

بدین: قومی عوامی تحریک کی کارکنوں کی گرفتاریوں کیخلاف ریلی

بدین(نمائندہ جسارت) قومی عوامی تحریک کے رہنمائوں اور کارکنوں کی بلاجواز جھوٹے مقدمات کے اندراج اور کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف احتجاجی ریلی اور مظاہرہ کیا گیا۔قومی عوامی تحریک کے کارکنوں کی جانب سے لواری شریف میں پارٹی کارکنوں کے خلاف مقدمات کے اندراج اور گرفتاریوں کے خلاف غریب آباد سے بدین پریس کلب تک ضلع صدر گیانچند میشوری،اصغر نوتکانی، ساون گوپانگ، رشید گوپانگ، ولی داد گوپانگ، خواتین رہنما زرینہ پرویز، حسینہ جمال، دانش سومرو ،بشیر چانڈیو اور دیگر کی قیادت میں ریلی نکالی گئی اور بدین پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دیا گیا مظاہرے میں شریک مرد خواتین اور بچوں نے پولیس کے خلاف سخت نعرے بازی کرتے ہوئے پولیس گردی ختم کرنے اور گرفتار افراد کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ بااثر پیپلز پارٹی کی حکومتی شخصیت بلدیاتی انتخاب میں اپنی شکست کے خوف سے مخالف اُمیدواروں ان کے تائید اور تجویز کنندوں سمیت 41 افراد پر پولیس جھوٹے مقدمات درج کرکے گرفتاریاں کر رہی ہے۔ احتجاجی شرکاء کا کہنا تھا کہ لواری شریف ہمارے مخالف گروپ نے ہمارے ساتھیوں پر حملہ کر کے زخمی کیا اور ظلم یہ کہ زخمیوں کے خلاف مقدمات درج کر کے گرفتار کیا جا رہا ہے اور پولیس حملہ کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں کر رہی۔