مزید خبریں

پاکستان قازقستان تجارتی تعلقات مستحکم کرنے کاعزم

کوئٹہ ( نمائندہ جسارت)پاکستان میں متعین قازقستان کے سفیر یرژان کسٹافن نے جمعرات کو چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے دورے کے موقع پراظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ قازقستان پاکستان کے ساتھ دیرپا اور مستحکم تجارتی تعلقات کا خواہاں ہے،دونوں ممالک کے صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کو موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے مستفید ہو کر دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔ اپنے سفارخانے کوچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے توسط سے بھیجی گئی ویزا درخواستوں پر فوری ویزوں کے اجرا کی ہدایت کریں گے،صنعت وتجارت ہو یا تعلیم پاکستان اور بلوچستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے،بلوچستان میں پوٹینشل کی کمی نہیں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران کی تجاویز و آرا کو اولیت دیں گے۔اس سے قبل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے صدر فدا حسین دشتی، سینئر نائب صدر حاجی محمد ایوب مریانی،حاجی اختر کاکڑ و دیگر نے قازقستان کے سفیر کو چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ آنے پر خوش آمدید کہا ۔صدربلوچستان چیمبرنے کہاپاکستانی تاجر قازقستان سے بڑے پیمانے پر اسکریپ امپورٹ جبکہ آلو،آم،پیاز اور دیگر خوراکی اشیا برآمد کرتے ہیں جن سے دونوں ممالک کو وسیع زرمبادلہ مل رہا ہے ہم چاہتے ہیں کہ معدنیات،تعلیم و دیگر شعبوں میں قازقستان کے ماہرین اور سرمایہ کاروں سے استفاد ہ کیا جائے اس لیے ضروری ہے کہ ہمارے وفد کو قازقستان مدعو کیا جائے تاکہ ہم وہاں موجود مواقعوں کے متعلق جان سکیں۔