مزید خبریں

توانائی کے گردشی قرضوں میں ہوش ربا اضافے کانوٹس

 

اسلام آباد(آن لائن) پبلک اکاونٹس کمیٹی نے ڈسکوز ملازمین کو ملنے والے مفت بجلی یونٹس ختم کرنے کے احکامات جاری کردیے ،کمیٹی نے توانائی کے گردشی قرضوں میں ہوشربا اضافے اور نقصانات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈسکوز کے بورڈ ممبران کی مراعات سمیت تمام تفصیلات طلب کر لیں۔کمیٹی کا اجلاس چیئرمین نور عالم خان کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا، اجلاس میں کمیٹی اراکین کے علاوہ سیکرٹری توانائی سمیت ڈسکوز کے سی ای اوز آڈٹ اور دیگر حکام نے شرکت کی، اجلاس میں وزارت توانائی کے مالی سال 2019/20کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری توانائی نے کمیٹی کو بتایا کہ ملک کو گزشتہ سال کے دوران توانائی کے شعبے میں 1کھرب روپے سے زائد نقصان اٹھانا پڑا توانائی کا سسٹم پورے ملک کو نقصان پہنچا رہا ہے گزشتہ سال مجموعی طور پر 2کھرب روپے سے زائد اخراجات ہوئے جس میں 800ارب روپے غائب ہوچکے ہیں، اس وقت توانائی سیکٹر ملک میں سب سے بڑا مسئلہ ہے ہم جس قیمت پر بجلی بناتے ہیں وہ قیمت صارفین سے وصول نہیں کرتے ہیں جس میں ہماری اپنی نالائقی بھی شامل ہے ہمارے پاس مجموعی طو رپر 2کروڑ 80لاکھ بجلی صارفین ہیں جس میں ۱یک کروڑ 80لاکھ صارفین حکومت سے بجلی کی مد میں سبسڈی لے رہے ہیں۔ انہوں نے تمام ڈسکوز سمیت واپڈا ملازمین کو ملنے والے بجلی کے فری یونٹس فوری طور پر ختم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اس مقصد کے لیے مختص فنڈز ان کی تنخواہوں میں ضم کرنے کی ہدایت کی۔