مزید خبریں

بلدیاتی حلقہ بندیوں کیخلاف درخواست کی سماعت آج پھر ہوگی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ میں بلدیاتی انتخابات میں حلقہ بندیوں کے خلاف درخواستوں کی سماعت آج ہوگی۔ جمعرات کو سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد جنید غفار کی سربراہی میں قائم بینچ کے روبرو بلدیاتی انتخابات سے متعلق سیاسی جماعتوں کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔ ایم کیو ایم کے وکیل نے کہا کہ ہمیں اسکی نقل فراہم کردی جائے تو ابھی جواب دے دیں گے، سلیکٹ کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن کی تمام جماعتیں شامل ہیں جبکہ حکومت سندھ نے بھی اعتراف کیا ہے کہ قانون میں اصلاحات کی ضرورت ہے، عدالت عظمیٰ نے حکم دیا ہے کہ آرٹیکل 140 اے کے مطابق لوکل گورنمنٹ انتخابات ہونا چاہییں۔ جسٹس محمد جنید غفار نے ریمارکس میں کہا کہ سلیکٹ کمیٹی کی قانون سازی سے الیکشن کے انعقاد کا کیا تعلق ہے؟ جس پر ایم کیو ایم کے وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کے قانون کو بھی دیکھ لے۔ حلقہ بندیوں کی کمیٹی نے بھی اختیارات سے تجاوز کیا۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ یہ فیصلہ آپ لوگوں نے تاخیر سے کیوں کیا؟ اتنی تاخیر سے جواب کیوں آیا؟۔ وکیل نے کہا کہ این اے 240 کے الیکشن میں بھی یہی ہوا لوگوں کو پتا ہی نہیں تھا کہ ووٹ ڈالنے کہاں جائیں، اسی وجہ سے این اے 240 کا ٹرن آؤٹ کم رہا ہے، ابھی تک صرف ووٹرز کی غیر حتمی لسٹ آرہی ہے، ووٹرز اور امیدوار کہاں کا فارم بھرے جب ووٹ کنفرم ہی نہیں ہے، حلقہ بندیوں میں قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔ عدالت نے سماعت آج تک ملتوی کردی۔