مزید خبریں

رات 9بجے کاروبار بند کرنے کا فیصلہ واپس لیا جائے ، اسلام چیمبر

اسلام آباد(کامرس ڈیسک)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے کہا کہ اسلام آباد میں کاروبا ر رات 9بجے بند کرنے کے فیصلہ سے تاجر برادری کافی پریشان ہے اور انہوں نے یہ فیصلہ واپس لینے اور تاجر برادری کی مشاورت سے اس مسئلے کا متفقہ حل نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن جی سیون مارکیٹ کے سیکرٹری جنرل محمد نوید ملک کی جانب سے دیئے گئے ایک عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔چیمبر کے سینئر نائب صدر جمشید اختر شیخ، نائب صدر محمد فہیم خان، سابق صدور محمد اعجاز عباسی اور باصر داؤد، سابق سینئر نائب صدر محمد نوید ملک، اشفاق حسین چھٹہ، نجیب ملک، چوہدری طاہر، انجینئر فہیم، عمران منہاس، عمر صادق، شازیہ رضوان، نگینہ خلیق، سفینہ شاہ اور دیگر اس موقع پر موجود تھے۔ محمد شکیل منیر نے کہا کہ عیدالاضحی کی آمد آمد ہے اور لوگوں نے اپنی فیملیز کے ہمراہ عید کی شاپنگ کرنی ہے لیکن رات 9بجے کاروبار بند کرنے سے عوام کو خریداری میں مشکلات پیش آئیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ گرمیوں میں لوگ عام طور پر شام کے اوقات میں خریداری کے لیے مارکیٹوں اور بازاروں کا رخ کرتے ہیں جس وجہ سے رات گیارہ بجے تک کاروبار اپنے عروج پر ہوتا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ رات 9بجے کاروبار بند کرنے کی بجائے حکومت مارکیٹوں میں 9سے 10بجے تک بجلی بند رکھے لیکن کاروباری سرگرمیوں کو کھلا رکھا جائے تا کہ تاجر برادری کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری معیشت کو مشکلات سے نکالنے کے لیے حکومت کے ساتھ ہرممکن تعاون کے لیے تیار ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت کاروباری طبقے سے متعلقہ معاملات میں کے بارے میں فیصلے کرنے سے پہلے ان کو پوری طرح اعتماد میں لے تا کہ مشترکہ طور پر پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے کوششیں کی جائیں۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر جمشید اختر شیخ اور نائب صدر محمد فہیم خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ ابتر معاشی حالات میں کاروبار جلد بند کرنا معیشت کے لیے بہتر نہیں ہے۔