مزید خبریں

کینیڈا پاکستان کے مارکیٹنگ شراکت داروں کو قریب لایا جائے گا ، قونصل جنرل

کینیڈا (کامرس ڈیسک) معروف تاجر رہنما ملک سہیل حسین کو کاروباری برادری کے لیے ان کی خدمات کے پیش نظر پاکستان ویسٹرن کینیڈا ٹریڈ ایسوسی ایشن کا سیکرٹری جنرل مقرر کر دیا گیا ہے۔پاکستان ویسٹرن کینیڈا ٹریڈ ایسوسی ایشن (پی ڈبلیو سی ٹی اے) کی صدر بشریٰ رحمٰن نے یہ اعلان وینکوور میں پاکستان کے قونصلیٹ جنرل آفس میں منعقدہ ایک سادہ مگر پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں سفارتکاروں، کاروباری شخصیات اور سرکاری افسران نے شرکت کی۔ وینکوور میں پاکستان کے قونصل جنرل جان باز خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ بشریٰ رحمان نے کہا کہ یہ فیصلہ ملک سہیل حسین کی پاکستان کی برآمدات اور ملکی تشخص اجاگر کرنے اور دونوں ممالک کی تاجر برادری کو قریب لانے کی کوششوں کے پیش نظر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک سہیل دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے میں ہماری مدد کریں گے کیونکہ انہوں نے ایف پی سی سی آئی، سارک چیمبر، یو بی جی، آئی ڈبلیو سی سی آئی اور آئی سی سی آئی میں اہم عہدوں پر خدمات انجام دیتے ہوئے بہت سے کاروباری اداروں اور افراد کی خدمت کی ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ وہ بہترکاروباری ماحول پیدا کریں گے، شراکت داری کو پروان چڑھائیں گے اور مثبت مسابقت کو یقینی بنائیں گے۔اس موقع پر قونصل جنرل جان باز خان نے ملک سہیل کو ٹریڈ باڈی کا سیکرٹری جنرل مقرر ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ نئے کاروباری آئیڈیاز کے تحت مارکیٹنگ شراکت داروں کو قریب لانے اور اسٹریٹجک پارٹنرشپس کی بنیاد رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک سہیل کی صلاحیتوں اور کوششوں پر مکمل اعتماد ہے اوروہ اس مقصد کو فروغ دینے کے لیے اپنے تمام وسائل اور صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ملک سہیل نے کہا کہ بشریٰ رحمان کا فیصلہ میرے لیے اعزاز ہے اور میں کینیڈا میں پاکستانی مصنوعات کے حوالے سے توقعات پر پورا اترنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑوں گا۔