مزید خبریں

پاکستان اسٹاک : 68فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)عالمی مارکیٹوں میں خام تیل کی گرتی ہوئی قیمتوں ،آئی ایم ایف پروگرام میں شمولیت سے دیگر عالمی مالیاتی اداروں اور دوست ممالک سے پاکستان کے لیے مزید قرض جاری ہونے کی توقعات چین کے کنسورشیم بینک کے ساتھ 2ارب 30کروڑ ڈالر کے قرض کا معاہدہ طے ہونے اور قرض ملنے کے اعلان کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو کاروبار حصص میںتیزی کا رحجان رہا جس سے انڈیکس کی 42500 ،42600 اور42700پوائنٹس کی سطح بحال ہوگئیں۔کاروبار میں تیزی کے سبب 68فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں 43ارب 21کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ہوگیا۔ مارکیٹ میں تیزی ہوتے ہی وقفے وقفے سے پرافٹ ٹیکنگ کے باعث کاروباری دورانئیے میں اتار چڑھاؤ بھی دیکھا گیا ایک موقع پر 530پوائنٹس کی تیزی بھی دیکھی گئی تاہم کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 258.83پوائنٹس کے اضافے سے 42716.97پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 94.55 پوائنٹس کے اضافے سے 16353.22، کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 177.56پوائنتس بڑھ کر 29145.21 پوائنٹس ،کے ایم آئی 30 انڈیکس 517.04 پوائنٹس کے اضافے سے 70634.18 اور پی ایس ایکس کے ایم آئی انڈیکس 135.42پوائنٹس کے اضافے سے 21286.59 پر بند ہوا۔ کاروباری حجم بدھ کی نسبت 59فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 34کروڑ 94لاکھ 88ہزار 911 حصص کے سودے ہوئے جبکہ گزشتہ روز بدھ کو26کروڑ 60لاکھ90ہزار سے زائد حصص کا کاروبار ہوا تھا۔کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 347 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 235 کے بھاو میں اضافہ 87 کے داموں میں کمی اور 25 قیمتوں میں استحکام رہا۔