مزید خبریں

اسلامی جمیعت طلبہ کا سیفی کالج کی نجکاری کے خلاف احتجاج

کراچی(اسٹاف رپورٹر)اسلامی جمعیت طلبہ زون غربی نے STEVTA بورڈ کے باہر سیفی کالج کی نجکاری کے خلاف احتجاج کیا۔احتجاج میں اسلامی جمعیت طلبہ زون غربی کے ناظم وقاص رفیق ،ناظم سیفی کالج سمیت طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اسلامی جمعیت طلبہ ناظم زون غربی وقاص رفیق نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع وسطی کے واحد سرکاری ٹیکنیکل کالج کی نجکاری متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے طالب علموں کے لیے سراسر زیادتی ہے۔مہنگی تعلیم،تعلیم دشمنی کے مترادف ہے۔ سرکاری ٹیکنیکل کالج کی نجکاری کرکے فیسوں کو 3200 روپے سے بڑھا کر 39000 کردیا گیا جو کہ طلبہ اور ان کے والدین پر ظلم ہے ۔انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کے اندر فوری طور سرکاری ٹیکنیکل کالج کا قیام عمل میں لایا جائے جہاں متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے طلبہ اپنا تعلیمی سفر جاری رکھ سکیں۔ احتجاج کے دوران ایم ڈی اسٹیوٹا بورڈ غلام مصطفی سہاگ نے باہر آ کر طلبہ سے ملاقات کی جس میں جمعیت کے وفد کو تفصیلی ملاقات کی دعوت پیش کی گئی۔ناظم اسلامی جمعیت طلبہ زون غربی وقاص رفیق کی قیادت میں وفد نے ایم ڈی سے ملاقات کی جس میں انچارج کالجز کمیٹی ’’عمیر منظور‘‘ نے طلبہ کی قیادت کی جبکہ اسٹیوٹا بورڈ کی جانب سے ایم ڈی اسٹیوٹا غلام مصطفیٰ سہاگ کے ہمراہ ڈائریکٹر اکیڈمکس لیاقت جامرو، پرنسپل سیفی کالج منظر عباس و دیگر موجود تھے۔ جمعیت کے مطالبے پر ایم ڈی نے یقین دہانی کرائی کہ اس معاملے کو فوری طور پر حل کرکے ضلع وسطی میں جی سی ٹی نارتھ ناظم آباد کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ناظم زون غربی وقاص رفیق نے ایم ڈی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اسٹیوٹا بورڈ کی جانب نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا تو ہم اپنے اگلے لائحہ عمل کا اعلان جلد ہی کریں گے۔