مزید خبریں

بھارت میں مذہبی آزادی کیخلاف ورزیوں پر امریکی کانگریس میں مذمتی قرار داد پیش

واشنگٹن (آن لائن) بھارت میں بڑھتے اسلامو فوبیا کے واقعات، انسانی حقوق اور مذہبی آزادی کی خلاف ورزیوں پر امریکی کانگریس میں ایک مذمتی قرارداد جمع کرائی گئی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈیموکریٹک رکن کانگریس الہان عمر کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بھارت کو مذہبی آزادی پر خصوصی تشویش والے ملک کا درجہ دیا جائے۔ قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت میں مسلمانوں، عیسائیوں، سکھوں، دلتوں، دیواسیوں اور دیگر مذہبی و ثقافتی اقلیتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔امریکی کانگریس میں اسلامو فوبیا پر سماعت 30 جون کو ہوگی جس میں بھارتی حکمراں جماعت بی جے پی کے رہنماؤں کی جانب سے گستاخانہ بیانات کا معاملہ بھی زیر بحث آنے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ الہان عمر نے گزشتہ ماہ آزاد جموں و کشمیر میں کنٹرول لائن کا دورہ کیا تھا ۔