مزید خبریں

خیبر پختونخوا حکومت نے سمری آٹو میشن سسٹم متعارف کرا دیا

پشاور(مانیٹرنگ ڈ یسک ) خیبر پختونخوا حکومت نے سمری آٹو میشن سسٹم (ای سمری سسٹم) متعارف کرا دیا، وزیراعلیٰ محمود خان نے ای سمری سسٹم کا باضابطہ اجراء کیا۔خیبر پختونخوا ای سمری سسٹم متعارف کرانے والا ملک کا پہلا صوبہ بن گیا ہے، ای سمری سسٹم وفاق سمیت کسی بھی صوبائی حکومت نے تاحال متعارف نہیں کرایا ہے۔سمری کی تخلیق، پراسس، منظوری اور ریویو سمیت تمام امور آٹو میشن سسٹم کے تحت ہوں گے۔اس مقصد کے لیے ایک مخصوص موبائل ایپ بھی تیار کی گئی ہے اور سسٹم میں ایپ کے ذریعے ڈیجیٹل سگنیچر کی سہولت بھی موجود ہے، کیو آر کوڈ، سمری، نوٹ
اور پیرا مینجمنٹ، الرٹس، نوٹیفکیشن، آڈیو وڈیو ہائی لائٹس وغیرہ سسٹم کے اہم فیچرز ہیں۔کسی بھی سطح پر سمری پراسس میں تاخیر کی صورت میں خود کار طریقے سے الرٹ جاری ہو جائے گا۔وزیراعلیٰ محمود خان نے ای سمری سسٹم پر مؤثر طریقے سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ای سمری سسٹم کے اجراء کا مقصد سرکاری امور کی تیز رفتار انجام دہی ہے، اس سسٹم کے اجراء سے وقت کی بچت ہوگی اور سمریوں کا معیار بھی بہتر ہوگا۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ای سمری سسٹم کا اجراء صوبائی حکومت کی ای گورننس حکمت عملی کے تحت اقدامات کا تسلسل ہے، صوبائی حکومت ای ٹینڈرنگ، ای بلنگ، ای بڈنگ اور ای پیمنٹ جیسے اصلاحات پہلے سے متعارف کرا چکی ہے ۔