مزید خبریں

ڈی سی بدین نے متعلقہ محکموں کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کردیں

بدین (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر بدین کے دفتر سے جاری ایک اعلامیہ میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو مطلع کیا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے ہدایات ہیں کہ جون سے ستمبر 2022ء تک مون سون بارشوں کے پیش نظر تمام متعلقہ محکموں کے افسران و عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تفویض کردہ فرائض کو مکمل ذمے داری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انجام دیں۔ مزید برآں مؤثر اور بروقت رابطوں کو برقرار رکھنے کے لیے افسر نہ تو پیشگی اجازت کے بغیر ہیڈ کوارٹر چھوڑیں گے اور نہ ہی اپنا موبائل فون بند کریں گے جبکہ تعلیم، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ، ڈی آر ٹی اے، آبپاشی، نکاسی آب، صحت، ایجوکیشن ورکس، لائیو اسٹاک، فشریز، سوشل ویلفیئر، حیسکو، لوکل گورنمنٹ، ورکس اینڈ سروسز، ایگریکلچر، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ محکموں کے ڈسٹرکٹ سربراہان کو الرٹ رہنے اور ہیڈ کوارٹر میں اپنی موجودگی کو یقینی بنانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ ایگزیکٹو انجینئرز ( ڈرینج ڈویژن اور محکمہ آبپاشی )، اسسٹنٹ کمشنرز ، مختارکارز ، چیف میونسپل آفیسرز، ٹاؤن آفیسرز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ نالے اور نالیوں کی ڈی سلٹنگ کو یقینی بنائیں، پانی کے ہموار بہاؤ میں رکاوٹوں کو دور کریں، پستوں کو مضبوط کریں، کمزور اور نشیبی مقامات کی نشاندہی کریں اور میونسپل کمیٹیوں اور ٹاؤن کمیٹیوں میں دستیاب ڈی واٹرنگ مشینوں کو فزیکل چیکنگ کریں جبکہ کوتاہی کے مرتکب افسران و عملے کے خلاف قواعد کے تحت سخت انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔