مزید خبریں

سکھرمیں پولیس مقابلہ ،بین الصوبائی کارچوری کا سرغنہ ہلاک

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر میں پولیس مقابلہ،تھانہ سائٹ کی حدود میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ، بین الصوبائی کار چوری / اسنیچنگ گینگ کا سرغنہ ہلاک، اسلحہ برآمد، 2 فرار۔ترجمان پولیس کے مطابق تھانہ سائٹ کی حدود راہوجہ کے قریب دوران ناکہ بندی پولیس نے شہزور گاڑی کو روکنے کا اشارہ کیا، گاڑی میں سوار ملزمان نے ناکہ توڑ کر فرار ہونے کی کوشش کی ، پولیس نے فرار ڈاکوؤں کا تعاقب شروع کیا ،دوران تعاقب ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی، جوابی فائرنگ میں بین الصوبائی کار چوری اسنیچنگ گینگ کا اہم سرغنہ ہلاک ہوگیا، جبکہ رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہلاک ڈاکو کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ،ہلاک ڈاکو اسنیچنگ چوری ڈکیتی پولیس مقابلوں سمیت متعدد سنگین وارداتوں میں کراچی سمیت متعدد اضلاع کی پولیس کو انتہائی مطلوب تھا، جس کی شناخت ارشاد کے نام سے ہوئی جس کا تعلق پنجاب کے علاقے راجن پور سے بتایا جاتا ہے ، جو دہشت گردی سمیت درجنوں سنگین مقدمات اور متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا،ہلاک ڈاکو کے کرمنل ریکارڈ کی مزید تفصیلات تھانوں سمیت دیگر اضلاع سے حاصل کی جارہی ہے،فرار ڈاکوؤں کی گرفتاری کیلیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے، ہلاک ڈاکو کو مزید قانونی کارروائی پوسٹ مارٹم کیلیے سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔