مزید خبریں

فیٹف ٹیم کی تصدیق سے پاکستان گرے لسٹ سے نکلے گا، احسن اقبال

اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ فنانس ایکشن ٹاسک فورس ٹیم کی آمد کے بعد وائٹ لسٹ میں جانے کی راہ ہموار ہوگی، ٹیم پاکستان کی طرف سے کیے گئے اقدامات کی تصدیق کرے گی جس کے بعد ہم گرے لسٹ سے وائٹ لسٹ میں شامل ہوں گے جو بڑا اقدام ہوگا، وزیر خارجہ بلاول اور وزیر مملکت حنا کھر کی محنت و لگن سے فیٹف کا مسئلہ حل ہوا‘ ہم نے بطور اپوزیشن قانون سازی میں کردار ادا کیا مشترکہ کاوشوں کے بغیر کامیابی ناممکن تھی، وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم نے ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر کابینہ کو اعتماد میں لیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ احسن اقبال نے بتایا کہ وزیر خارجہ اور وزیر مملکت نے کابینہ کو آگاہ کیا کہ ہم نے ایف اے ٹی ایف کی کلیئرنس کیلیے تمام تقاضے پورے کرلیے ہیں اور اب اس کا ایک تقاضا یہ ہے کہ ایف اے ٹی ایف کی ٹیم پاکستان میں آکر تصدیق کرے گی۔