مزید خبریں

میرپورخاص: بیٹی کو اغوا کر کے زبردستی شادی کروانے پر والد کا احتجاج

میرپورخاص(نمائندہ جسارت)میری برادری کے بااثر افراد بیٹی کو زبردستی اغواء کر کے اس کی شادی کروانا چاہتے ہیں، اغواء کے دوران مزاحمت پر میرے بزرگ والد کو زخمی بھی کر دیا، سندھ ہائیکورٹ کے حکم پر تحقیقات کرنے والا ڈی ایس پی سانگھڑ آصف آرائیں بااثر افراد کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ضلع سانگھڑ کے تعلقہ کھپرو کے گوٹھ حسین راجڑ کے رہائشی محمد ملوک راجڑ نے پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ تقریباً 3 ماہ قبل میری برادری کے بااثر افراد پیرانو راجڑ، موسیٰ راجڑ اور دیگر نے 3 ماہ قبل میری بیٹی راحت کو اغواء کرنے کی کوشش کی اور مزاحمت پر میرے بزرگ والد لطیف راجڑ کو شدید زخمی کر دیا اور میرے زخمی والد کو اسپتال تک نہیں لے جانے دیا گیا جس کی ایف آئی آر کھپرو تھانے میں درج ہے اور کھپرو کی عدالت کی مداخلت پر میرے والد کو اسپتال لے جانے دیا گیا اب میں نے انصاف کے لیے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے اور عدالت میں 27 جون کو پیشی ہے اور معاملے کی تحقیقات ڈی ایس پی سانگھڑ آصف آرائیں کر رہا ہے جو میرے والد سمیت اہلخانہ پر دبائو ڈال کر مخالفوں کی مرضی کا بیان ریکارڈ کر رہا ہے محمد ملوک نے چیف جسٹس پاکستان، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ سے اپیل کی کہ مجھ پر مظالم ڈھانے والے بااثر افراد اور ڈی ایس پی آصف آرائیں کے جانبدارانہ رویے کا نوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی اور میرے ساتھ انصاف کیا جائے۔