مزید خبریں

سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کے وفد کالاہور چیمبر کا دورہ

لاہور (اے پی پی) سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کے وفد نے منگل کے روز فہد الباس کی سربراہی میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں بھرپور سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔تقریب سے نائب صدر میاں رحمن عزیز چن، نائب صدر حارث عتیق، سعودی وفد کے سربراہ فہد الباس، سعودی سفارتخانے کے ٹریڈ اتاشی مبشر الشہری ، لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی کمیٹی اراکین اور سابق عہدیداران نے خطاب کیا۔ وفد میں کنسٹرکشن ، انفرااسٹرکچر، توانائی، سیاحت اور فارماسیوٹیکل سمیت ملک کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے ۔وفد کے سربراہ فہد الباس نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان برادرنہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم پاکستان کے ساتھ ہونے والی حالیہ ملاقات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومتی سطح پر دونوں ممالک کی تاجر برادری کو تجارت و سرمایہ کاری کے لئے ہر ممکن تعاون بڑھانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی بزنس کمیونٹی پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی خواہاں ہے۔