مزید خبریں

بدین ،امیدواروں کی فہرستیں جانچ پڑتال کے بعد جاری

بدین (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر بدین/ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر آغا شاہنواز خان کے دفتر ( بلدیاتی الیکشن 2022ء کے لیے بنائے گئے سیل) سے جاری بلدیاتی الیکشن 2022ء کے لیے ضلع بدین سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کے امیدواروں کی لسٹیں جانچ پڑتال کے بعد جاری کر دی گئی ہیں جس کے مطابق ڈسٹرکٹ بدین کی دونوں میونسپل کمیٹیوں کے لیے کل 277 امیدواران کے کاغذات جمع کرائے گئے جس میں سے 22 امیدواروں کے کاغذات کو جانچ کے بعد مسترد کیا گیا جبکہ 255 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے، اسی طرح 10 ٹاؤن کمیٹیوں کے لیے کل 511 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے جس میں 67 امیدواروں کے کاغذات کو جانچ کے بعد مسترد کیا گیا جبکہ 444 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے۔ ڈسٹرکٹ بدین کے تمام تعلقوں کی 68 یوسیز سے کل 1902 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے جس میں 109 امیدواروں کے کاغذات کو جانچ کے بعد مسترد کیا گیا جبکہ 1793 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے، اس طرح ڈسٹرکٹ بدین کی دو میونسپل کمیٹیوں ، 10 ٹاؤن کمیٹیوں اور 68 یوسیز سے کل 2690 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جس کی جانچ پڑتال کے عمل کے بعد کل 198 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے جبکہ 2490 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جانچ مکمل کرکے منظور کیے گئے۔
میرواہ گورچانی،موسم گرما کی پہلی بارش،موسم خوشگوارہوگیا
میرواہ گورچانی (نمائندہ جسارت ) میرواہ گورچانی میں موسم گرما کی پہلی بارش ٹوٹ کر برسی، تیز بارش کے ساتھ ہی پورا شہر جل تھل ہو گیا۔ ٹاؤن انتظامیہ نے پیشگی اطلاع کے باوجود نالوں کی صفائی نہیں کرائی ۔نالے ابل پڑے اور بارش ہوتے ہی بجلی کی آنکھ مچولی شروع ہوگئی۔