مزید خبریں

کاروباری اوقات میں لوڈشیڈنگ سے تاجر پریشان ہیں،الطاف میمن

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد الطاف میمن کی زیر صدارت حیدرآباد کی تمام یونینوں، انجمنوں اور ایسوسی ایشن کا اجلاس چیمبر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ صدر چیمبر الطاف میمن نے اجلاس کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ کے انرجی کرائسز ایمرجنسی کے حکم کے نفاذ اور کاروباری اوقات کار میں رَردو بدل پر چھوٹے اور درمیانے تاجر حضرات بہت پریشان تھے۔ کاروباری اوقات کار اور لوڈشیڈنگ پر کمشنر حیدرآباد ڈویژن ندیم الرحمان میمن کی زیر صدارت ایک اجلاس ہوا جس میں حیسکو چیف نور احمد سومرو بھی موجود تھے۔ اجلاس میں اُنہوں نے تاجر برادری کی بھرپور نمائندگی کرتے ہوئے کمشنر حیدرآباد ڈویژن کا آگاہ کیا کہ تاجر اپنا کاروبار رات 9 بجے بند کرنے پر تیار ہیں۔ لیکن کاروباری اوقات کے وقت لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی اِس پر تاجر برادری کو اعتماد میں لیں۔ جس پر کمشنر نے حیسکو چیف کے ساتھ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے وفد کی ملاقات طے کی۔ حیسکو چیف سے ملاقات میں طے پایا کہ شام 3:45 سے رات 9:45 تک حیدرآباد کے 39 فیڈرز جو حیدرآباد، لطیف آباد اور قاسم آباد کے زیادہ تر تجارتی علاقوں کو کوور کرتے ہیں میں لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی جس کو حیسکو چیف اور باقی تمام اَفسران دُرست فیصلہ قرار دیا لیکن اَب بھی کئی تجارتی علاقوں میں بے وقت لوڈشیڈنگ ہورہی ہے جو قابل مزمت ہے۔ صدر چیمبر نے کہا کہ اِس وقت لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال بہت خراب ہے۔ جلدی کاروبار بند ہونے سے ڈکیتیاں بڑھ گئیں ہیں۔ حیدرآباد پولیس کو لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال بہتر بنانے کی اَشد ضرورت ہے۔ سینئر نائب صدر محمد ادریس میمن اور نائب صدر مسرور اقبال نے کہا کہ چھوٹے تاجر معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اِن کو نظر انداز کر کے ترقی کرنا ناممکن ہے۔ اجلاس میں سابق صدور سلیم الدین قریشی، دولت رام لوہانہ، محمد اکرم انصاری، اراکین مجلس عاملہ محمد عارف میمن، اقبال عاربیانی، چیئرمین ٹاور مارکیٹ چودھری محمد اسلم، بیٹری ڈیلرز ایسوسی ایشن کے احمد ادریس چوہان، کاٹیج انڈسٹری کے محمد سہیل میمن، صدر بازار کے جنرل سیکرٹری معیز عباس، کشور کمار بھاٹیا، شاہی بازار کے محمد الناصر، جنرل سیکرٹری گرین اینڈ آئل مرچنٹ ایسوسی ایشن جلال الدین قریشی، انفارمیشن سیکرٹری ڈاکٹر عبدالجبار راجپوت، صدر انجمن تاجران ریشم بازار محمد آصف میمن کونچ والا، جنرل سیکرٹری محمد ایوب شیخ، صدر کینٹ بزنس فورم غازی صلاح الدین، صدر کیمیکل اینڈ ڈائز ایسوسی ایشن اسد حسین جعفری، صدر انجمن تاجران تلک چاڑی محمد علی راجپوت، جنرل سیکرٹری انجمن تاجران چھوٹکی گٹی وسیم احمد قریشی، صدر الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن سہیل احمد قریشی، ہوٹل ایسوسی ایشن کے محمد فہد میاں، صدر کلاتھ مارکیٹ اسلم ایوب، محمدیوسف، صدر صرافہ بازار محمد آصف، سینئر نائب صدر محمد ارشد خان و دیگر تاجر حضرات موجود تھے۔