مزید خبریں

جیل میں عمران خان اور چیئرمین نیب کو ہونا چاہیے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جیل میں عمران صاحب آپ اور چیئرمین نیب کو ہونا چاہیے جو پونے 4 سال قانون اور انصاف کی دھجیاں اڑاتے رہے، عمران نیازی نے پہلے غیر ملکی سازش پر قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کی، اب نیب قوانین پر گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، عمران صاحب 2 جھنڈے رکھ کر آپ روئیں، پیٹیں یا چیخیں، آپ کی کرپشن کے پول کھل چکے ہیں۔ منگل کو عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نیب، ایف آئی اے اور وزیراعظم کی کرسی استعمال کر کے بھی عمران نیازی اپنے لگائے گئے الزامات ثابت نہیں کرسکے، سرکاری ریکارڈ اور اختیار ہونے کے باوجود آپ ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پونے 4 سال جعلی احتساب کا بیانیہ چلایا جو ناکام ہوا۔