مزید خبریں

کوروناسے ایک جاںبحق، 113نئے کیس رپورٹ

 

اسلام آباد(صباح نیوز/آن لائن/اے پی پی)مہلک عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث پاکستان کا ایک اورشہری جاں بحق ہو گیا ،گزشتہ 24گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے مزید 113نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔محکمہ صحت کے مطابق پاکستان میں کورونا وائر س کے کیسز میں پھر اضافہ ہونے لگا، گزشتہ 24گھنٹے کے دوران کورونا مثبت کیسز کی شرح 1اعشاریہ 20فیصد ریکارڈ کی گئی۔ملک کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں50ویں نمبر پر ہے۔قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، شہری ہجوم والی جگہوں پر احتیاط کریں اور ماسک پہنیں اورایس اوپیز پرعمل کریں۔ادھروفاقی وزیر برائے صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کورونا کے مریضوں کے علاج میں استعمال ہونے والی 2 ریمڈیسیو یر انجکشن کی قیمت میں کمی کر دی گئی ۔جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے ریمڈیسیو یر 100 ملی گرام انجکشن کی قیمت میں کمی کی منظوری دے دی ہے ، کورونا کے مریضوں کے علاج کے لیے یہ ایک موثر دوا ہے ۔ عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ 100 ملی۔گرام انجکشن کی پہلے قیمت 2300 روپے تھی جبکہ اب اس کی قیمت میں 408روپے کی کمی کر دی گئی ہے جس کے بعد ریمڈیسیو یر انجکشن کی نئی قیمت 1892 روپے ہو گئی ہے ۔